کراچی (صداقت ویب نیوز) عید الاضحیٰ کے موقع پر پاکستان میں معاشی سرگرمیوں میں نمایاں اضافہ دیکھنے میں آتا ہے، جسے ماہرین غیر رسمی معیشت کی سب سے بڑی سالانہ سرگرمی قرار دیتے ہیں۔ رپورٹ کے مطابق ملک بھر میں عید قربان کے دوران تقریباً 540 ارب سے 750 ارب روپے تک کی معاشی سرگرمی ریکارڈ ہونے کا تخمینہ ہے۔ماہرین کے مطابق عید سے قبل مویشی منڈیوں اور سپلائی چین میں تقریباً 620 ارب روپے کی اضافی نقد گردش ہوتی ہے، جبکہ مجموعی طور پر قربانی کے دوران تقریباً 74 لاکھ جانور ذبح کیے جانے کا اندازہ ہے۔ ان میں گائے، بھینس، بکرے، بھیڑ اور اونٹ شامل ہیں، جس سے لاکھوں ٹن گوشت ملک بھر میں تقسیم کیا جاتا ہے۔ اس دوران مویشی پال کسان، بیوپاری، ٹرانسپورٹرز، قصاب اور چمڑے کی صنعت سے وابستہ افراد کی آمدنی میں نمایاں اضافہ ہوتا ہے۔ ماہرین کے مطابق یہ سرگرمی دیہی معیشت کو مضبوط کرنے میں بھی اہم کردار ادا کرتی ہے۔
