پاکستان ۲۴ جون ۲۰۲۶

عہدے تاحیات نہیں رہتے مگر عزت اور احترام کے رشتے قائم رہنے چاہئیں، سپیکر قومی اسمبلی

اسلام آباد (ویب نیوز) سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے کہا ہے کہ سیاسی عہدے اور رکنیت مستقل نہیں ہوتے، تاہم باہمی عزت، احترام اور جمہوری روایات ہمیشہ برقرار رہنی چاہئیں۔ قومی اسمبلی کے اجلاس میں اظہارِ خیال کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اختلافِ رائے جمہوریت کا حسن ہے لیکن ذاتی احترام کو ہر صورت مقدم رکھا جانا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ بطور سپیکر ہمیشہ اپوزیشن کو مناسب وقت اور اظہارِ رائے کا بھرپور موقع دینے کی کوشش کی ہے، تاہم بعض اوقات حقائق کے برعکس تاثر دیا جاتا ہے۔ ایاز صادق نے واضح کیا کہ پارلیمان میں تمام ارکان کو آئین اور قواعد کے مطابق اپنی بات رکھنے کا حق حاصل ہے اور جمہوری عمل کو مضبوط بنانے کے لیے برداشت، مکالمے اور باہمی احترام کی فضا ضروری ہے۔