مقامی ۱۴ ستمبر ۲۰۲۶

عوام کے مسائل حل کرنا ہماری اولین ترجیحات میں شامل ہے، میر سلیم کھوسہ

کوئٹہ (ویب نیوز) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے پارلیمانی لیڈر اور صوبائی وزیر مواصلات میر سلیم کھوسہ نے کہا ہے کہ عوام کے مسائل کا حل حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے اور موجودہ حکومت نے عوامی مشکلات دور کرنے کے لیے ایسے اقدامات کیے ہیں جو ماضی کی حکومتوں میں نظر نہیں آتے۔ میڈیا کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حکومت کے دروازے ہمیشہ عوام کے لیے کھلے ہیں اور بلوچستان کو جلد دیگر صوبوں کے برابر لانے کے لیے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کیے جارہے ہیں۔ میر سلیم کھوسہ نے کہا کہ بلوچستان ایک پرامن اور خوشحال صوبہ ہے، چند عناصر کی یہ خواہش ہوسکتی ہے کہ صوبہ ترقی کے بجائے پسماندگی کی طرف جائے، تاہم یہ صرف ان کا خواب ہے۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان سے منتخب نمائندے اور سیاسی جماعتیں اس بات پر متفق ہیں کہ صوبے کو ترقی کی راہ پر گامزن کیا جائے، یہی وجہ ہے کہ بلوچستان اس وقت دیگر صوبوں کے برابر لانے کے عمل میں آگے بڑھ رہا ہے اور جلد دیگر صوبوں کے برابر ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ عوام خود کو مایوس اور تنہا نہ سمجھیں، حکومت ان کی بھرپور رہنمائی کرے گی اور ان کے مسائل کے حل کے لیے منتخب نمائندوں کے دروازے ہمیشہ کھلے رہیں گے۔