کوئٹہ (ویب نیوز) صوبائی وزیر خزانہ شعیب نوشیروانی نے کہا ہے کہ عوام کی سہولت، فلاح و بہبود اور بنیادی مسائل کا حل حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے، اپنے حلقہ انتخاب کے عوام کو کسی صورت تنہا نہیں چھوڑیں گے اور عوام نے اپنے قیمتی ووٹ کے ذریعے جس اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے ہمیں اسمبلی میں بھیجا ہے، اسے ہر صورت برقرار رکھا جائے گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے وفد سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ عوامی نمائندگی محض ایک عہدہ نہیں بلکہ ایک بڑی ذمہ داری ہے، جسے پوری ایمانداری اور خلوص کے ساتھ نبھانے کے لیے پرعزم ہیں۔ حلقہ انتخاب کے عوام نے جن امیدوں اور توقعات کے ساتھ ہمیں منتخب کیا، ان کی خواہشات کو ٹھیس نہیں پہنچائیں گے اور ان کے مسائل کے حل کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ عوام کو بنیادی سہولیات کی فراہمی، ترقیاتی منصوبوں کی تکمیل اور علاقے کی محرومیوں کا ازالہ حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے، جبکہ عوامی مسائل کے حل اور ترقیاتی عمل کو مؤثر بنانے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جارہے ہیں۔ شعیب نوشیروانی نے کہا کہ حکومت کا مقصد محض اعلانات کرنا نہیں بلکہ عوام کو عملی طور پر ریلیف فراہم کرنا ہے اور حلقے کے عوام سے کیے گئے وعدوں کی تکمیل کے لیے بھرپور کوششیں جاری رہیں گی۔ انہوں نے کہا کہ عوام کے اعتماد اور محبت کو اپنی طاقت سمجھتے ہیں اور ان کی خدمت کا سفر پوری ذمہ داری کے ساتھ جاری رکھیں گے۔ صوبائی وزیر خزانہ نے مزید کہا کہ حکومت بلوچستان کے عوام کو درپیش مسائل سے بخوبی آگاہ ہے اور صوبے کی ترقی و خوشحالی کے لیے سنجیدہ اقدامات کیے جارہے ہیں، اجتماعی مفاد کے منصوبوں کو ترجیح دی جارہی ہے تاکہ عوام کو بنیادی سہولیات کی فراہمی کے ساتھ ساتھ پسماندگی اور محرومی کا خاتمہ بھی ممکن بنایا جاسکے۔
