کوئٹہ(صداقت ویب نیوز)جمعیت علما اسلام ضلع کوئٹہ کے امیر مولانا عبدالرحمن رفیق، سیکرٹری جنرل حاجی عین اللہ شمس، سینئر نائب امیر مولانا خورشید احمد، حاجی بشیراحمد کاکڑ، شیخ مولانا عبدالاحد، حافظ دوست محمد مینگل، مولانا محمد سلیمان، مولانا حفیظ اللہ، مولانا بصیراحمد، سیکرٹری اطلاعات عبدالغنی شہزاد، سیکرٹری مالیات حاجی صالح محمد، عبدالصمد حقیار، مفتی ابوبکر اور مفتی رشیداحمد حقانی نے اپنے ایک مشترکہ بیان میں کہا ہے کہ عوام پر مسلط فارم 47 کی پیداوار حکومت صوبے کے وسائل کو بے دریغ لوٹنے میں مصروف ہے۔ بلوچستان کے عوام کے حقیقی نمائندوں کو دانستہ طور پر دیوار سے لگا کر ایسے عناصر کو اقتدار سونپا گیا ہے جو میر جعفر اور میر صادق کے کردار کی یاد تازہ کرتے ہوئے قومی امانتوں اور عوامی حقوق کا سودا کر رہے ہیں۔جے یو آئی کوئٹہ کے قائدین نے کہا کہ اقتدار پر قابض چہروں نے ہمیشہ بعض قوتوں کی خوشنودی اور ذاتی مفادات کے حصول کی خاطر قومی مفادات، نظریاتی اصولوں اور عوامی امنگوں کو قربان کیا ہے، جس کے مروجہ نتیجے میں آج بلوچستان شدید پسماندگی، بے روزگاری اور گہرے احساسِ محرومی کا شکار ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ جمعیت علما اسلام بلوچستان کے حقوق، وسائل اور عوامی مفادات کے تحفظ کے لیے ہمیشہ صفِ اول کا کردار ادا کرتی رہی ہے اور آئندہ بھی ہر جمہوری، آئینی اور سیاسی فورم پر صوبے کے حقوق کے لیے توانا آواز بلند کرتی رہے گی۔ انہوں نے دوٹوک انداز میں کہا کہ بلوچستان کے قیمتی وسائل پر پہلا حق یہاں کے غیور عوام کا ہے اور اس حق پر کسی بھی قسم کا کوئی سمجھوتہ ہرگز قبول نہیں کیا جائے گا۔
