پاکستان ۱۲ مئی ۲۰۲۶

عوامی نمائندوں کو عوام کے درمیان رہ کر مسائل حل کرنا ہوں گے، سیدال خان ناصر

اسلام آباد(ڈیلی صداقت ویب نیوز) ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سیدال خان ناصر نے کہا ہے کہ وہ ایک عوامی نمائندے کی حیثیت سے ہمیشہ عوامی مسائل کے حل پر یقین رکھتے ہیں اور سیاست میں آنے کے پہلے دن سے لے کر آج تک گراؤنڈ لیول کے کارکن کے طور پر خدمات انجام دیتے رہے ہیں مستقبل میں بھی وہ اسی سوچ اور پالیسی کے تحت بلوچستان کے عوام کے مسائل کے حل کیلئے اپنی جدوجہد جاری رکھیں گے۔اسلام آباد میں بلوچستان فورم آف انوائرمنٹل جرنلسٹس کے صدر ظاہر خان ناصر کی قیادت میں آنے والے صحافیوں کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہی‘صحافیوں کے وفد میں عصمت سمالانی، محمد آصف اور سمیع اللہ خان شامل تھے، جنہوں نے بلوچستان کے صحافیوں اور عوام کو درپیش مسائل، ماحولیاتی چیلنجز اور اطلاعات تک رسائی سے متعلق مختلف امور پر ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سے تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔ ڈپٹی چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ بلوچستان کے عوام کو درپیش مسائل کے حل کیلئے اجتماعی کوششوں کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوام نے ان پر جس اعتماد کا اظہار کیا ہے، وہ اس پر پورا اترنے کیلئے دن رات کام کر رہے ہیں۔ڈپٹی چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ ان کا چیمبر ایک آئینی فورم ضرور ہے، لیکن انہوں نے ہمیشہ اسے عوام کیلئے کھلا رکھا ہے تاکہ عام لوگ بلاجھجھک اپنے مسائل ان تک پہنچا سکیں۔ انہوں نے کہا کہ انہیں اس بات کی خوشی ہوتی ہے کہ ان کے دفتر کے ذریعے لوگوں کے مسائل حل ہو رہے ہیں اور یہی ایک عوامی نمائندے کی اصل کامیابی ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ بلوچستان ایک اہم صوبہ ہے جو قدرتی وسائل سے مالا مال ہے، تاہم یہاں کے عوام کو بنیادی سہولیات کی فراہمی، تعلیم، صحت، روزگار اور انفراسٹرکچر جیسے مسائل کا سامنا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ ایوان بالا میں بلوچستان کے عوام کی بھرپور نمائندگی کر رہے ہیں اور صوبے کے حقوق کیلئے ہر فورم پر آواز بلند کرتے رہیں گے۔بلوچستان فورم آف انوائرمنٹل جرنلسٹس کے وفد نے اس موقع پر ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کی عوام دوست پالیسیوں اور بلوچستان کے مسائل کے حل کیلئے کی جانے والی کوششوں کو سراہا۔ وفد نے امید ظاہر کی کہ سیدال خان ناصر مستقبل میں بھی بلوچستان کے عوام اور صحافی برادری کے مسائل کے حل کیلئے اپنا مؤثر کردار ادا کرتے رہیں گے۔ملاقات کے دوران بلوچستان میں صحافت کو درپیش چیلنجز، ماحولیاتی رپورٹنگ، نوجوان صحافیوں کی تربیت اور آزادی صحافت سے متعلق امور بھی زیر بحث آئے۔ ڈپٹی چیئرمین سینیٹ نے اس بات پر زور دیا کہ صحافی معاشرے کی آنکھ اور کان ہوتے ہیں اور ان کا کردار جمہوریت کے استحکام میں انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔ انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ صحافیوں کے مسائل کے حل اور ان کے تحفظ کیلئے ہر ممکن تعاون کیا جائے گا۔