کوئٹہ (ویب نیوز) صوبائی وزیر لائیو اسٹاک و ڈیری ڈویلپمنٹ سردارزادہ میر فیصل خان جمالی نے کہا ہے کہ عوام کی بلاامتیاز خدمت ان کی اولین ترجیح ہے اور حلقہ انتخاب کے عوام کو درپیش مسائل کے حل اور بنیادی سہولیات کی فراہمی کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ انہوں نے اپنے حلقہ انتخاب سے تعلق رکھنے والے مختلف وفود سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ضلع اوستا محمد میں ترقی و خوشحالی کے عمل کو تیز کرنے اور عوامی مسائل کے دیرپا حل کے لیے حکومت کے دستیاب وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔ وفود نے انہیں اپنے علاقوں میں سڑکوں، تعلیم، صحت، بجلی، گیس، آبپاشی اور دیگر بنیادی سہولیات سے متعلق مسائل سے آگاہ کیا، جن پر صوبائی وزیر نے یقین دلایا کہ متعلقہ محکموں اور حکام سے رابطہ کرکے عملی اقدامات کیے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ عوامی نمائندگی محض ایک عہدہ نہیں بلکہ ذمہ داری ہے جسے پوری دیانت داری اور خلوص کے ساتھ نبھانے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حلقے کے تمام علاقوں کی یکساں بنیادوں پر ترقی ان کی ترجیحات میں شامل ہے اور کسی علاقے یا طبقے کو نظرانداز نہیں کیا جائے گا۔ جاری ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل، نئے منصوبوں کی منظوری اور عوام کو بنیادی سہولیات کی فراہمی کے لیے اقدامات جاری ہیں، جبکہ تعلیم، صحت، آبپاشی اور مواصلات سمیت دیگر شعبوں پر بھی خصوصی توجہ دی جا رہی ہے۔ ملاقات کے دوران وفود نے عوامی مسائل کے حل کے لیے صوبائی وزیر کی کاوشوں کو سراہا، جبکہ سردارزادہ میر فیصل خان جمالی نے کہا کہ عوام کی خدمت کا سفر اخلاص اور تسلسل کے ساتھ جاری رکھا جائے گا۔
