کوئٹہ: پشتونخوا نیشنل عوامی پارٹی کے زیر اہتمام پشتون قومی تحریک کے عظیم رہنما، ممتاز سیاستدان، دانشور اور ادیب ارواح شاد عبدالرحیم خان مندوخیل کی 9ویں برسی کے موقع پر 10 مئی کو لیاقت پارک کوئٹہ میں ایک عظیم الشان جلسہ عام منعقد ہوگا۔ پارٹی کے بیان کے مطابق جلسے سے چیئرمین خوشحال خان کاکڑ سمیت مرکزی و صوبائی رہنما خطاب کریں گے۔ بیان میں کہا گیا کہ عبدالرحیم خان مندوخیل نے اپنی پوری زندگی قومی حقوق، جمہوریت، پارلیمانی بالادستی اور محکوم اقوام کے آئینی حقوق کیلئے وقف کر رکھی تھی۔ پارٹی نے عوام، کارکنوں، نوجوانوں، طلبہ اور مختلف مکاتب فکر سے تعلق رکھنے والے افراد سے جلسے میں بھرپور شرکت کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ یہ اجتماع پشتون قومی تحریک کے نظریات، جمہوری فکر اور قومی حقوق کے حصول کے عزم کی تجدید ہوگا۔
