تازہ ترین ۲۳ جون ۲۰۲۶

عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں کا فیصلہ چین کرے گا، امریکی میڈیا

نیویارک(ویب نیوز) امریکی میڈیا رپورٹس کے مطابق ایران جنگ کے بعد عالمی تیل مارکیٹ میں قیمتوں کا مستقبل صرف مشرق وسطیٰ کی صورتحال پر نہیں بلکہ چین کی پالیسیوں پر بھی منحصر ہو گیا ہے۔ سی این این کی رپورٹ کے مطابق عالمی ماہرین کا کہنا ہے کہ اگرچہ امریکا اور ایران کے درمیان آبنائے ہرمز کی بحالی اور تیل کی ترسیل کے حوالے سے مذاکرات جاری ہیں، تاہم اصل سمت کا تعین چین کے فیصلے کریں گے۔ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ حالیہ بحران کے دوران روزانہ لاکھوں بیرل تیل کی سپلائی متاثر ہوئی، لیکن اس کے باوجود قیمتوں میں وہ بڑا اضافہ نہیں ہوا جس کی توقع کی جا رہی تھی۔ ماہرین کے مطابق چین نے اپنی درآمدات میں کمی، ذخائر کے استعمال اور صاف توانائی کے بڑھتے رجحان کے ذریعے عالمی مارکیٹ کو متوازن رکھنے میں اہم کردار ادا کیا۔ برینٹ خام تیل کی قیمت بھی حالیہ دنوں میں 78 ڈالر فی بیرل سے نیچے آ گئی ہے، جبکہ تجزیہ کاروں کے مطابق چین کے پاس موجود بڑے اسٹریٹجک ذخائر مستقبل میں بھی قیمتوں کو متاثر کرتے رہیں گے۔