کوئٹہ (ویب نیوز) عوامی نیشنل پارٹی نے ضلع شیرانی کے ضلعی ہیڈکوارٹر کو میرعلی خیل سے مانی خوا منتقل کرنے کے فیصلے پر شدید تحفظات کا اظہار کیا ہے۔پارٹی کے بیان میں کہا گیا ہے کہ میرعلی خیل میں ضلعی دفاتر، کمپلیکس اور دیگر بنیادی ڈھانچے پر پہلے ہی اربوں روپے خرچ کیے جا چکے ہیں، ایسے میں ہیڈکوارٹر کی منتقلی قومی وسائل کا ضیاع ہوگی اور عوام کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑے گا۔بیان میں مزید کہا گیا کہ میرعلی خیل کی جغرافیائی اہمیت اور ٹانک-ژوب شاہراہ سے اس کا رابطہ علاقے کی ترقی کے لیے نہایت اہم ہے۔ اس لیے تمام انتظامی اداروں کو وہیں فعال رکھا جائے۔اے این پی نے حکومت بلوچستان سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ عوامی جذبات، زمینی حقائق اور طویل المدتی ترقی کو مدنظر رکھتے ہوئے اس فیصلے پر نظرثانی کرے اور ہیڈکوارٹر کو میرعلی خیل ہی میں برقرار رکھے۔
