مقامی ۲ جون ۲۰۲۶

ضلع بارکھان میں سکیورٹی فورسز کا کامیاب آپریشن، 8 دہشت گرد ہلاک اور متعدد زخمی

کوئٹہ(صداقت ویب نیوز)فرنٹیئر کوربلوچستان نے ضلع بارکھان کے مختلف پہاڑی و میدانی علاقوں میں دو روز قبل موصول ہونے والی معتبر انٹیلیجنس اطلاعات کی بنیاد پر دہشت گردوں کے خلاف ایک بڑا اور کامیاب آپریشن کیا ہے، جس کے نتیجے میں 7 سے 8 دہشت گرد ہلاک جبکہ متعدد دیگر شدید زخمی ہو گئے ہیں۔ سکیورٹی ذرائع کے مطابق انٹیلیجنس ایجنسیوں کی جانب سے موصولہ اطلاعات میں انکشاف کیا گیا تھا کہ تقریبا 18 سے 22 مسلح دہشت گرد تھگڑا، لنجانی ڈیم اور نخمو ڈیم (جنرل ایریا تگا) کے علاقوں میں روپوش ہیں اور وہ سکیورٹی فورسز کی اہم چوکیوں سمیت قومی شاہراہ N-70 پر کسی بڑی تخریب کاری اور حملے کی خطرناک منصوبہ بندی کر رہے ہیں۔اطلاعات ملنے پر سکیورٹی فورسز نے انتہائی تندہی اور بروقت کارروائی کرتے ہوئے متعلقہ پناہ گاہوں کو گھیرے میں لے کر نشانہ بنایا۔ اس گرینڈ آپریشن کے دوران سکیورٹی فورسز کی جانب سے مارٹر رینج اور جدید ترین وی ٹول (VTOL) ڈرونز کے ذریعے دہشت گردوں کے ٹھکانوں پر مثر فائر کیا گیا، جس نے پناہ گاہوں کو تباہ کر دیا۔ سکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ کامیاب کارروائی کے بعد پورے جنرل ایریا میں کلیئرنس اور سرچ آپریشن تیز کر دیا گیا ہے تاکہ مفرور زخمی دہشت گردوں کا سراغ لگا کر کسی بھی ممکنہ خطرے کا جڑ سے خاتمہ یقینی بنایا جا سکے۔ سکیورٹی فورسز نے اس پختہ عزم کا اظہار کیا ہے کہ صوبے اور علاقے میں امن و امان کی صورتحال کو برقرار رکھنے اور ملک دشمن دہشت گرد عناصر کے مکمل خاتمے تک کارروائیاں بلا تعطل جاری رکھی جائیں گی۔