پاکستان ۳ ستمبر ۲۰۲۶

صوبے کی تقسیم کے خلاف سندھ اسمبلی میں قرارداد منظور

کوئٹہ (ویب نیوز) سندھ کی تقسیم کے خلاف سندھ اسمبلی میں قرارداد منظور کرلی گئی، قرارداد پاکستان پیپلز پارٹی کے رکن اسمبلی نثار کھوڑو نے پیش کی۔ وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا کہ اپوزیشن اراکین سے مشترکہ قرارداد منظور کرنے کی تجویز دی گئی تھی اور نثار کھوڑو نے قواعد و ضوابط کو مدنظر رکھتے ہوئے قرارداد کا مسودہ تیار کیا، تاہم اپوزیشن نے اس میں نئے انتظامی یونٹس کے قیام کی تجویز شامل کرنے پر اصرار کیا۔ مراد علی شاہ نے کہا کہ انتظامی یونٹس کا قیام سندھ کی تقسیم کے بنیادی معاملے سے الگ ہے، اس پر الگ قرارداد لائی جاسکتی ہے، جبکہ حکومت مقامی حکومتوں کو مضبوط بنانے کی تجویز کی بھی حمایت کرتی ہے۔ وزیراعلیٰ کے مطابق اپوزیشن اراکین مشترکہ قرارداد پر اتفاق کے بجائے ایوان سے واک آؤٹ کرگئے، جس سے ان کی بدنیتی ظاہر ہوئی۔ صوبائی وزیر شرجیل میمن نے بھی اپوزیشن کے احتجاج اور واک آؤٹ کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ پی ٹی آئی سمیت اپوزیشن جماعتوں نے اجلاس کا بائیکاٹ کیا، جبکہ پیپلز پارٹی ایوان میں موجود رہی۔ سندھ اسمبلی کا اجلاس کل دن ڈھائی بجے تک ملتوی کردیا گیا۔