تازہ ترین ۲۲ نومبر ۲۰۲۶

صوبوں کی تقسیم کا مقصد پشتون اور بلوچ وسائل پر قبضہ ہے، دہشت گردی کے ذریعے محروم رکھا جا رہا ہے، ایمل ولی خان

چمن (سید سردار محمد خوندئی) عوامی نیشنل پارٹی کے مرکزی صدر سینیٹر ایمل ولی خان نے کہا ہے کہ صوبوں کی تقسیم کا مقصد بہتر نظم و نسق اور عوام کو بنیادی سہولیات کی فراہمی نہیں بلکہ پشتونوں اور بلوچوں کے وسائل پر قبضہ اور ان کی لوٹ مار کو دوام بخشنا ہے، جبکہ مسلط کردہ دہشت گردی وسائل پر اختیار برقرار رکھنے کا ایک منصوبہ ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے شہدائے وطن کی یاد میں ہائی اسکول فٹ بال گراؤنڈ چمن میں منعقدہ عظیم الشان جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کیا، جس کی صدارت اے این پی کے صوبائی صدر اصغر خان اچکزئی نے کی۔ ایمل ولی خان نے کہا کہ پشتون اور بلوچ دو برادر، باوقار اور خوددار اقوام ہیں، جن کے درمیان اتحاد، اتفاق، باہمی احترام اور مشترکہ جدوجہد وقت کی اہم ضرورت ہے۔ ڈیورنڈ لائن سے متصل علاقوں میں کاروبار اور تجارتی سرگرمیوں کی بندش نے مقامی آبادی کے معاشی ڈھانچے کو بری طرح متاثر کیا ہے، جبکہ تاریخی، قومی، ثقافتی اور خاندانی رشتے سرحدی لکیروں کے محتاج نہیں، ان رشتوں اور روایات پر پابندیاں عائد کرنا قابلِ مذمت ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوامی نیشنل پارٹی شہدا کی امین جماعت ہے اور شہید خان جیلانی خان اچکزئی اور شہید اسد خان اچکزئی کی قربانیاں ناقابلِ فراموش ہیں، جنہوں نے فکرِ باچا خان کی صد سالہ جدوجہد کو مزید تقویت بخشی۔ ان کا کہنا تھا کہ پشتون قوم کئی دہائیوں سے بدامنی، دہشت گردی، بے روزگاری، معاشی مشکلات اور عدم تحفظ کا شکار ہے، حالانکہ پشتون سرزمین قدرتی وسائل اور معدنیات سے مالامال ہے، مگر مقامی عوام اپنے ہی وسائل سے مستفید ہونے کے بجائے محرومیوں کی زندگی گزار رہے ہیں۔ کسی بھی خطے کی ترقی کے لیے ضروری ہے کہ وہاں کے وسائل پر پہلا حق مقامی آبادی کو دیا جائے اور انہیں سیاسی، معاشی اور آئینی حقوق فراہم کیے جائیں۔ انہوں نے پشتون اور بلوچ اقوام پر زور دیا کہ وہ مشترکہ سیاسی حکمت عملی اپناتے ہوئے جمہوری اقدار، آئین کی بالادستی اور پارلیمان کی خودمختاری کے لیے جدوجہد جاری رکھیں۔ جلسے سے خطاب کرتے ہوئے اے این پی کے صوبائی صدر اصغر خان اچکزئی نے کہا کہ ایک منظم منصوبہ بندی کے تحت پشتون بلوچ وطن میں لاقانونیت، دہشت گردی، مسلح جتھوں، قومی شاہراہوں پر عدم تحفظ، منشیات کی کاشت و کاروبار، وسائل کی لوٹ مار اور معاشی قتل عام مسلط کیا گیا ہے، جبکہ بھائی کو بھائی اور برادر قبائل کو آپس میں لڑانے کے لیے رنجشوں کا جال بچھایا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جیل جانا ان کے لیے نئی بات نہیں، تاہم انہیں یہاں کے عوام کے مفادات ہر حال میں عزیز ہیں۔ شہید خان جیلانی خان اچکزئی، شہید عسکر خان اچکزئی اور شہید اسد خان اچکزئی کے جنازوں کو کندھا دینے کے باوجود انہوں نے چمن کے عوام یا املاک کو کوئی نقصان نہیں پہنچایا اور آئندہ بھی عوامی مفادات کا تحفظ کریں گے۔ اصغر خان اچکزئی نے مزید کہا کہ فارم 47 کے ذریعے جعلی اور بوگس اسمبلیاں تشکیل دی گئیں اور 8 فروری کو عوامی رائے کے ساتھ کھلواڑ کیا گیا، جبکہ پارلیمان کی توہین، مقننہ و عدلیہ پر دباؤ، انتظامیہ کی مفلوجی اور صحافت پر قدغنیں جمہوری نظام کے لیے سنگین خطرہ ہیں۔ انہوں نے خبردار کیا کہ ان اقدامات کے نتائج کی ذمہ داری بھی انہی قوتوں پر عائد ہوگی۔ جلسے سے اے این پی کے صوبائی پارلیمانی لیڈر انجینئر زمرک خان اچکزئی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ فکرِ باچا خان کا بنیادی مقصد عوام کی خدمت اور پرامن جمہوری جدوجہد ہے، جبکہ فلسفہ عدم تشدد آج بھی پشتونوں اور بلوچوں کے حقوق، خطے کے امن اور ملک کے بہتر مستقبل کا ضامن ہے۔ انہوں نے کہا کہ پارٹی کو اپنی جدوجہد اور شہدا کی قربانیوں پر فخر ہے اور شہدائے وطن کی قربانیاں ہمیشہ مشعلِ راہ رہیں گی۔ جلسے سے صوبائی جنرل سیکرٹری مابت کاکا، صوبائی نائب صدر جمال الدین رشتیا، صوبائی ترجمان ولی داد میانی، صوبائی کلچر سیکرٹری حضرت علی اچکزئی اور ضلعی صدر عبدالخالق حقمل نے بھی خطاب کیا۔ جلسہ عام میں ہزاروں افراد نے شرکت کی، نظامت کے فرائض مابت کاکا نے انجام دیے، جبکہ قراردادیں ولی داد میانی نے پیش کیں۔ تلاوتِ کلامِ پاک کی سعادت مولوی اختر محمد نے حاصل کی۔