کوئٹہ/اسلام آباد (ویب نیوز) جمعیت وکلا فورم پاکستان کے مرکزی صدر سینیٹر کامران مرتضیٰ ایڈووکیٹ نے ممتاز تاجر صلاح الدین نورزئی کے بہیمانہ قتل پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے حکومت اور متعلقہ اداروں سے مطالبہ کیا ہے کہ واقعے کا فوری، شفاف اور غیر جانب دارانہ نوٹس لے کر ملوث عناصر کو گرفتار کیا جائے اور مقتول کے اہل خانہ کو انصاف فراہم کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ صلاح الدین نورزئی کا قتل شہریوں کے جان و مال کے تحفظ اور مجموعی امن و امان کی صورتحال پر بڑا سوالیہ نشان ہے۔ ان کے مطابق ایک سال قبل مقتول کا بیٹا لاپتہ ہوا اور اب خاندان کے سربراہ کو بھی قتل کردیا گیا، جس سے اہل خانہ کی مشکلات اور کرب میں مزید اضافہ ہوا ہے۔ سینیٹر کامران مرتضیٰ نے کہا کہ واقعے کی مکمل تحقیقات کرکے قاتلوں اور ان کے سہولت کاروں کا تعین کیا جائے، جبکہ لاپتہ نوجوان کی بازیابی کے لیے بھی مؤثر اقدامات کیے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ تاجر برادری ملکی معیشت میں اہم کردار ادا کرتی ہے، اس لیے حکومت شہریوں اور تاجروں کے تحفظ، جرائم پیشہ عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائی اور امن و امان کی بہتری کے لیے عملی اقدامات کرے۔
