کوئٹہ (ویب نیوز) صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف نے اسلام آباد میں معرکہ حق میں پاکستان کی کامیابی کی یاد میں تعمیر کی گئی یادگارِ فتح کا افتتاح کردیا۔ افتتاحی تقریب میں نائب وزیراعظم اسحاق ڈار، فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز، وزیر دفاع خواجہ آصف، چیئرمین سینیٹ یوسف رضا گیلانی، اسپیکر قومی اسمبلی، وفاقی وزرا، سروسز چیفس، غیر ملکی سفارت کاروں اور اعلیٰ سول و عسکری حکام نے شرکت کی۔ تقریب کا آغاز تلاوت قرآن پاک سے ہوا جبکہ مسلح افواج، سول آرمڈ فورسز اور چاروں صوبوں سمیت آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان پولیس کے دستوں نے بھی شرکت کی۔ یادگارِ فتح میں جدید پروجیکشن میپنگ سسٹم نصب کیا گیا ہے، جس کے ذریعے روشنی، موسیقی اور فن تعمیر کا شاندار امتزاج پیش کیا جائے گا۔ یادگار کو قومی تاریخ، اتحاد و یکجہتی، شہدا و غازیوں کی قربانیوں اور دفاع وطن کے عزم کی علامت قرار دیا گیا ہے۔
