پاکستان ۱۴ اگست ۲۰۲۶

صدر اور وزیراعظم کا دہشتگردی کے مکمل خاتمے کے عزم کا اعادہ

اسلام آباد (ویب نیوز) صدر مملکت آصف علی زرداری سے وزیراعظم محمد شہباز شریف نے ایوان صدر میں ملاقات کی اور انہیں یومِ آزادی کی مبارکباد دی۔ ملاقات کے دوران دونوں رہنماؤں نے ملک سے دہشتگردی کے ناسور کے مکمل خاتمے کے عزم کا اعادہ کیا۔ صدر آصف علی زرداری نے وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی کاوشوں کو سراہا، جبکہ صدر اور وزیراعظم نے پاکستان کی مسلح افواج اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو خراج تحسین پیش کیا۔ صدر مملکت نے موجودہ علاقائی صورتحال کے تناظر میں عوام کو ریلیف فراہم کرنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ اشیائے ضروریہ کی بلاتعطل فراہمی اور مناسب نرخوں پر دستیابی یقینی بنائی جائے۔ وزیراعظم شہباز شریف نے صدر مملکت کو مکہ مکرمہ میں سعودی عرب، ترکیہ اور پاکستان کے درمیان ہونے والے سہ فریقی امن معاہدے سے آگاہ کیا، جس پر صدر آصف علی زرداری نے معاہدے پر مؤثر عملدرآمد کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ ملاقات میں نائب وزیراعظم اسحاق ڈار، وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی، اسپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خان اور سینیٹر شیری رحمان بھی موجود تھے۔