کوئٹہ (ویب نیوز)پیپلز پارٹی کے سیکرٹری جنرل نیئر بخاری نے کہا ہے کہ صدر آصف علی زرداری نے ججز کی تعیناتی سے متعلق سمری ٹھوس بنیادوں پر روک رکھی ہے، کیونکہ سمری میں بعض ایسے نام شامل ہیں جن کے حوالے سے سنگین الزامات اور تحفظات موجود ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جوڈیشل کمیشن میں پیپلز پارٹی کی نمائندگی فاروق ایچ نائیک کر رہے ہیں اور پارٹی کی جانب سے ججز کی تعیناتی کے لیے نام بھی دیے گئے تھے، تاہم بعض ناموں پر اعتراضات سامنے آئے ہیں۔ نیئر بخاری نے کہا کہ پشاور اور سندھ کے ججز کے نام سمری میں شامل ہیں اور صدر نے اسے جائز وجوہات کی بنیاد پر روکا ہوا ہے۔ دوسری جانب وزیراعظم کے مشیر اور سینیٹر رانا ثناء اللہ نے کہا کہ تشدد اور قانون نافذ کرنے والے اداروں پر حملوں میں ملوث افراد کی وجہ سے ایکشن کمیٹی کالعدم رہے گی، جبکہ متعلقہ افراد کو فورتھ شیڈول اور درج مقدمات کا سامنا کرنا پڑے گا۔
