(روزنامہ صداقت انٹرنیشنل)صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف نے کوئٹہ میں دہشت گردی کے واقعے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ دہشت گردی کو ہر صورت جڑ سے اکھاڑ پھینکا جائے گا۔ چمن پھاٹک دھماکے میں شہادتوں کی تعداد 14 ہوگئی ہے جبکہ زخمیوں میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں۔ صدر آصف علی زرداری نے کہا کہ دشمن عناصر پاکستان کی عالمی امن کوششوں سے توجہ ہٹانا چاہتے ہیں، جبکہ وزیراعظم شہباز شریف نے دہشت گردی کے خاتمے کے عزم کا اعادہ کیا۔ چاروں صوبائی وزرائے اعلیٰ، گورنرز، اسپیکر قومی اسمبلی، وفاقی وزراء اور مختلف سیاسی رہنماؤں نے بھی واقعے کی مذمت اور شہداء کے اہل خانہ سے اظہار تعزیت کیا۔ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی نے کہا کہ معصوم شہریوں کو نشانہ بنانا کھلی سفاکیت ہے، جبکہ گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ دہشت گرد قوم کے حوصلے پست نہیں کرسکتے۔ بلوچستان ہائیکورٹ بار نے واقعے کے خلاف کل عدالتی کارروائی کے بائیکاٹ کا اعلان بھی کیا ہے۔
