تازہ ترین ۵ اگست ۲۰۲۶

صحافی نذر علی کندرانی کے قتل پر بی یو جے کا شدید غم و غصہ، شفاف تحقیقات کا مطالبہ

کوئٹہ (ویب نیوز) بلوچستان یونین آف جرنلسٹس (بی یو جے) کے صدر منظور احمد رند، جنرل سیکرٹری شاہ حسین ترین اور کابینہ و ایگزیکٹو کونسل کے اراکین نے صحبت پور میں عوامی پریس کلب کے نائب صدر صحافی نذر علی کندرانی کے قتل کی شدید مذمت کرتے ہوئے واقعے کی شفاف تحقیقات اور ملزمان کی فوری گرفتاری کا مطالبہ کیا ہے۔ بی یو جے قیادت نے اپنے بیان میں کہا کہ صحبت پور میں صحافی نذر علی کندرانی کو فائرنگ کرکے قتل کرنا انتہائی افسوسناک واقعہ ہے، جس پر پوری صحافتی برادری میں تشویش اور غم پایا جاتا ہے۔ انہوں نے صوبائی حکومت اور محکمہ پولیس سے مطالبہ کیا کہ قتل کی غیرجانبدارانہ تحقیقات کرکے ملوث عناصر کو گرفتار کیا جائے اور انہیں قانون کے مطابق سخت سزا دی جائے۔ بی یو جے رہنماؤں نے مقتول صحافی کے اہلخانہ سے دلی تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ غم کی اس گھڑی میں صحافتی برادری لواحقین کے ساتھ کھڑی ہے، جبکہ اللہ تعالیٰ سے مرحوم کے درجات کی بلندی کے لیے دعا کی گئی۔