کوئٹہ (ویب نیوز) بلوچستان میڈیا فورم کے مرکزی صدر قیوم بلوچ نے کہا ہے کہ صحافیوں اور لوکل پرنٹ میڈیا کے حقوق غصب کرنے والوں کے خلاف بھرپور جدوجہد کی جائے گی، کسی فرد یا تنظیم کے خلاف محاذ آرائی فورم کا مقصد نہیں بلکہ صحافیوں، میڈیا ورکرز اور سوشل میڈیا ایکٹوسٹس کو متحد کرنا ہے۔ کوئٹہ میں صحافیوں اور سوشل میڈیا ایکٹوسٹس کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بلوچستان میڈیا فورم صوبے کے 11 اضلاع اور تین ڈویژنز کے صحافیوں پر مشتمل پلیٹ فارم بن چکا ہے، جس کا مقصد صحافی برادری کے حقوق کا تحفظ ہے۔ انہوں نے کہا کہ لوکل اخبارات نے ہمیشہ عوامی اور بلوچستان کے مسائل اجاگر کرنے میں اہم کردار ادا کیا ہے، اس لیے لوکل پرنٹ میڈیا کے خلاف کسی بھی سازش کو کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا اور آزادی صحافت و صحافیوں کے حقوق کے تحفظ کے لیے جدوجہد جاری رہے گی۔
