شیرانی (ویب نیوز) ضلعی ہیڈکوارٹر شیرانی ستنو راغہ کی آئینی و قانونی حیثیت بحال کرنے، سرکاری دفاتر فعال بنانے اور عوامی مسائل حل کرنے کے لیے جاری دھرنا 254ویں روز بھی جاری رہا۔ دھرنے سے خطاب کرتے ہوئے سردار غلام سرور شیرانی اور مولوی جمر شاہ شیرانی نے مطالبہ کیا کہ حکومت اور مقامی آبادی کے درمیان ستنو راغہ کی زمین سے متعلق طے شدہ اسٹام معاہدہ منسوخ کرکے زمین اصل مالکان کے حوالے کی جائے، بصورت دیگر ضلعی ہیڈکوارٹر کو اس کی قانونی حیثیت کے مطابق بحال کیا جائے۔ انہوں نے سرکاری محکموں میں بااختیار افسران اور عملے کی تعیناتی، سیٹلمنٹ کا عمل مکمل کرنے اور ٹانک، چچوبی اور انزر خیزئی سڑکوں کی تعمیر و مرمت کا مطالبہ بھی کیا۔ شرکا نے مطالبات پر عملی پیش رفت تک پرامن احتجاج جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا۔
