کوئٹہ (ویب نیوز) عوامی نیشنل پارٹی کے صوبائی بیان میں پارٹی کے سابق مرکزی ڈپٹی جنرل سیکرٹری مرحوم شیخ محمد یار خان مندوخیل کی 15ویں برسی کے موقع پر ان کی قومی، سیاسی، سماجی اور وطنی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ شیخ محمد یار خان مندوخیل جیسے فعال، متحرک، زیرک اور اصول پسند سیاسی رہنما مدتوں بعد پیدا ہوتے ہیں۔ وہ فخرِ افغان باچا خان کے حقیقی پیروکار، فلسفۂ عدم تشدد کے داعی اور خدائی خدمتگاری کے عملی علمبردار تھے، جنہوں نے اپنی پوری سیاسی زندگی پشتون قوم اور محکوم و مظلوم عوام کے حقوق، امن، جمہوریت، سماجی انصاف اور باوقار سیاسی جدوجہد کے لیے وقف کیے رکھی۔ باچاخان مرکز کوئٹہ سے جاری بیان میں کہا گیا کہ مرحوم کے اندر جذبۂ خدمتِ خلق کوٹ کوٹ کر بھرا ہوا تھا اور ان کی شبانہ روز محنت، سیاسی بصیرت، تنظیمی صلاحیت اور کارکنوں سے مضبوط رابطے کے نتیجے میں اے این پی ضلع ژوب میں ایک فعال اور منظم سیاسی قوت کے طور پر مستحکم ہوئی۔ بیان میں کہا گیا کہ آج پشتون وطن بدامنی، لاقانونیت، بھتہ خوری، اغوا کاری اور دہشت گردی سمیت سنگین مسائل سے دوچار ہے، جبکہ پشتون سرزمین کے قدرتی وسائل پر قبضے اور عوام کے بنیادی حقوق و سیاسی آزادیوں کو محدود کرنا ناقابل قبول ہے۔ اے این پی نے واضح کیا کہ پشتون وطن کے وسائل پر یہاں کے عوام کا حق ہے اور اس حق کے حصول کے لیے جمہوری و سیاسی جدوجہد جاری رکھی جائے گی۔ بیان میں کہا گیا کہ موجودہ حالات میں شیخ محمد یار خان مندوخیل جیسے مخلص، نظریاتی اور اصول پسند سیاسی رہنماؤں کی کمی شدت سے محسوس کی جا رہی ہے۔ اے این پی نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پشتون قومی تحریک کے شہدا، اکابرین اور سیاسی کارکنوں کے مقاصد کی تکمیل تک جدوجہد جاری رکھی جائے گی اور باچا خان، خان عبدالولی خان اور دیگر قومی اکابرین کے اصولوں کی روشنی میں پشتون قوم کے سیاسی، معاشی، سماجی اور آئینی حقوق کے لیے بھرپور جدوجہد کی جائے گی۔
