تازہ ترین ۲۳ جولائی ۲۰۲۶

شہید سیشن جج عبدالحکیم کاکڑ کی نماز جنازہ ادا، دہشت گردی کے خلاف سخت کارروائی کا مطالبہ

کوئٹہ(ویب نیوز)مستونگ میں دہشت گردوں کی فائرنگ سے شہید ہونے والے ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج عبدالحکیم کاکڑ کی نماز جنازہ عقیدت و احترام کے ساتھ ادا کر دی گئی، جس کے بعد انہیں آہوں اور سسکیوں کے درمیان سپرد خاک کر دیا گیا۔ نماز جنازہ میں اعلیٰ عدالتی حکام، ججز، وکلا، سرکاری افسران، قبائلی عمائدین، سیاسی و سماجی شخصیات اور شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ شرکا نے شہید جج کی خدمات کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے واقعے کی شدید مذمت کی اور کہا کہ ججز اور عدلیہ کو نشانہ بنانا ریاست اور نظام انصاف پر حملے کے مترادف ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ واقعے میں ملوث عناصر کو فوری گرفتار کرکے قانون کے کٹہرے میں لایا جائے اور ججز، وکلا اور عدالتی عملے کی سیکیورٹی کو مزید مؤثر بنایا جائے۔ یاد رہے کہ مستونگ میں قومی شاہراہ پر نامعلوم مسلح افراد کی فائرنگ سے جج عبدالحکیم کاکڑ اپنے گن مین سمیت شہید جبکہ ایڈیشنل سیشن جج طارق لاشاري سمیت دو افراد زخمی ہوئے تھے۔