مقامی ۳۱ مئی ۲۰۲۶

شہناز بلوچ سے اہلِ خانہ کی لاتعلقی، شدت پسند سرگرمیوں سے لاعلمی کا دعویٰ

کوئٹہ (صداقت نیوز) تربت سے تعلق رکھنے والی شہناز بلوچ کے اہلِ خانہ نے ایک مشترکہ پریس کانفرنس میں ان سے لاتعلقی کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ انہیں ان کی مبینہ شدت پسند سرگرمیوں یا کسی کالعدم تنظیم سے روابط کے بارے میں معلومات نہیں تھیں۔ تربت پریس کلب میں گفتگو کرتے ہوئے شہناز بلوچ کی والدہ رخسانہ، دادا اور ماموں نے بتایا کہ شہناز کے والد ان کی کم عمری میں انتقال کر گئے تھے جبکہ وہ بچپن میں ہی عمان منتقل ہو گئی تھی اور شادی کے بعد بھی وہیں مقیم رہی، جہاں اس کے دو بچے پیدا ہوئے۔ اہلِ خانہ کے مطابق تقریباً 12 برس سے ان کا شہناز سے کوئی رابطہ نہیں تھا اور خاندان کو اس کی کسی مبینہ شدت پسند سرگرمی یا روابط کے حوالے سے آگاہی نہیں تھی۔ پریس کانفرنس میں شریک قریبی رشتے داروں نے کہا کہ ان کا خاندان ایک پُرامن پاکستانی خاندان ہے جو قانون اور ریاستی اداروں کے احترام پر یقین رکھتا ہے اور شہناز بلوچ کے کسی قول یا عمل کی ذمہ داری خاندان پر عائد نہیں کی جا سکتی۔