کوئٹہ (ویب نیوز): عوامی نیشنل پارٹی کے صوبائی جنرل سیکرٹری مابت کاکا نے شہدائے 8 اگست کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان عظیم شہداء نے امن، دہشت گردی کے خلاف جدوجہد، انسانی حقوق اور پشتون قوم کے قومی و جمہوری حقوق کے لیے اپنی جانوں کا نذرانہ دے کر تاریخ میں لازوال مقام حاصل کیا۔ انہوں نے کہا کہ اس سال یومِ شہداء ایسے حالات میں منایا جا رہا ہے جب پشتونخوا اور بلوچستان ایک بار پھر دہشت گردی، ٹارگٹ کلنگ اور بدامنی کی لپیٹ میں ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ پشتون قوم کی قربانیوں کی تاریخ سانحہ سپین تنگی، بابڑہ، سائنس کالج، چمن، سول ہسپتال کوئٹہ، شہید ملک عبیداللہ کاسی، شہید خالق داد بابڑ، شہید نوراللہ دومڑ، مانگی ڈیم اور دیگر سانحات تک پھیلی ہوئی ہے۔ مابت کاکا نے کہا کہ عوامی نیشنل پارٹی ہمیشہ امن، جمہوریت، آئین کی بالادستی اور عوامی حقوق کی جدوجہد کرتی رہی ہے اور اپنے شہداء کے مشن کو ہر سطح پر جاری رکھے گی۔ انہوں نے اعلان کیا کہ 8 اگست کو چمن میں شہدائے اگست کی یاد میں عظیم الشان اجتماع منعقد ہوگا، جس میں پارٹی قیادت، کارکنان، شہداء کے لواحقین، سیاسی و سماجی شخصیات اور عوام کی بڑی تعداد شرکت کرے گی، جبکہ کارکنوں سے اجتماع کی کامیابی کے لیے بھرپور تیاریوں اور عوامی رابطہ مہم تیز کرنے کی اپیل بھی کی گئی۔
