میران شاہ(ویب نیوز) شمالی وزیرستان میں سیکیورٹی فورسز نے گزشتہ 72 گھنٹوں کے دوران متعدد انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز میں 27 خوارج کو ہلاک کر دیا۔ پاک فوج کے شعبۂ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق میران شاہ میں خوارج کے کئی ٹھکانوں کو نشانہ بنایا گیا، جہاں شدید فائرنگ کے تبادلے کے بعد فتنہ الخوارج سے تعلق رکھنے والے 27 دہشت گرد مارے گئے۔آئی ایس پی آر کے مطابق ہلاک ہونے والے خوارج سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا ہے۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ یہ عناصر متعدد دہشت گرد کارروائیوں اور معصوم شہریوں کی ٹارگٹ کلنگ میں ملوث تھے۔ سیکیورٹی فورسز نے بتایا کہ میران شاہ کی ممتاز شخصیت شہید ملک سیف اللہ داوڑ کی ٹارگٹ کلنگ کا بدلہ بھی ان کارروائیوں کے ذریعے لیا گیا ہے۔آئی ایس پی آر نے واضح کیا کہ سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے ادارے خوارج کے مکمل خاتمے تک اپنی کارروائیاں جاری رکھیں گے۔
