تازہ ترین ۹ جون ۲۰۲۶

شاہین شاہ آفریدی کو ٹیسٹ ٹیم سے ڈراپ کرنے کا فیصلہ

لاہور(ویب نیوز) پاکستان کرکٹ بورڈ نے ون ڈے ٹیم کے کپتان شاہین شاہ آفریدی کو ٹیسٹ ٹیم کے کیمپ میں شامل نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ پی سی بی کی جانب سے لاہور میں 49 کھلاڑیوں کو تربیتی کیمپ کے لیے مدعو کیا گیا ہے، جن میں 22 کھلاڑی ریڈ بال اور 27 کھلاڑی وائٹ بال کیمپ کا حصہ ہوں گے۔ ذرائع کے مطابق بورڈ کے تھنک ٹینک نے شاہین آفریدی کو صرف وائٹ بال اسکواڈ میں شامل کیا ہے اور توقع ہے کہ وہ 15 جون کو کیمپ جوائن کریں گے۔ 26 سالہ فاسٹ بولر نے دسمبر 2017 میں نیوزی لینڈ کے خلاف اپنا پہلا ٹیسٹ کھیلا تھا اور اب تک 34 ٹیسٹ میچوں میں 126 وکٹیں حاصل کر چکے ہیں۔ دورۂ بنگلادیش کے دوران ان کی بولنگ رفتار اور کارکردگی پر تنقید سامنے آئی تھی، جبکہ بورڈ کو یہ تحفظات بھی ہیں کہ وہ فرسٹ کلاس کرکٹ میں باقاعدگی سے حصہ نہیں لیتے۔ اسی تناظر میں فیصلہ کیا گیا ہے کہ مستقبل میں انہیں ٹیسٹ ٹیم کے لیے زیر غور نہیں لایا جائے گا اور وہ محدود اوورز کی کرکٹ پر توجہ دیں گے۔