مقامی ۱ جولائی ۲۰۲۶

شاہرگ سے ماری گیس کمپنی کے چھ مزدوروں کے اغوا کی شدید مذمت، فوری بازیابی کا مطالبہ

کوئٹہ (ویب نیوز) پشتونخوا نیشنل عوامی پارٹی نے ضلع ہرنائی کی تحصیل شاہرگ سے ماری گیس کمپنی کے چھ محنت کش مزدوروں کے اغوا کی شدید مذمت کرتے ہوئے حکومت اور قانون نافذ کرنے والے اداروں سے ان کی فوری، محفوظ اور غیر مشروط بازیابی کا مطالبہ کیا ہے۔ پارٹی کے بیان میں کہا گیا کہ اغوا ہونے والے تمام مزدور دمڑ قبیلے سے تعلق رکھنے والے محنت کش ہیں اور ایسے واقعات نہ صرف بنیادی انسانی حقوق بلکہ مقامی روایات کے بھی منافی ہیں۔ بیان میں کہا گیا کہ صوبے میں امن و امان کی مسلسل خراب صورتحال عوام میں عدم تحفظ پیدا کر رہی ہے، اس لیے اغوا میں ملوث عناصر اور ان کے سہولت کاروں کو فوری گرفتار کرکے قانون کے مطابق سزا دی جائے اور متاثرہ علاقوں میں شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کے لیے مؤثر اقدامات کیے جائیں۔