کوئٹہ(ویب نیوز) پاکستان سنٹرل مائنز لیبر فیڈریشن، انڈسٹری آل گلوبل یونین اور شانگلہ کول مائنز ورکرز ویلفیئر ایسوسی ایشن کے اشتراک سے ضلع شانگلہ میں منعقدہ جرگے میں شہید کان کنوں کی بیواؤں اور معذور کان کنوں کے لیے ماہانہ 25 ہزار روپے پنشن مقرر کرنے کا مطالبہ کیا گیا۔ جرگے میں بتایا گیا کہ شانگلہ کے تقریباً 80 فیصد مزدور کوئلہ کان کنی سے وابستہ ہیں، جہاں 30 ہزار سے زائد بیوائیں، 80 ہزار یتیم بچے اور 200 سے زائد معذور کان کن موجود ہیں۔ فیڈریشن کے مرکزی سیکرٹری جنرل سلطان محمد خان نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ کان کنوں کے لیے سوشل سیکیورٹی، ای او بی آئی، انشورنس، رجسٹریشن، جدید اسپتال، ریسکیو مراکز، لیبر اسکول اور مائننگ ایریاز میں بہتر حفاظتی اقدامات کو یقینی بنایا جائے تاکہ حادثات میں کمی اور مزدوروں کی فلاح ممکن ہو سکے۔
