پاکستان ۲۱ اگست ۲۰۲۶

سینیٹ کے ڈپٹی چیئرمین نے چھوٹے اور درمیانے کاروباروں کی اہمیت اجاگر کردی، نوجوانوں اور خواتین کو کاروباری مواقع فراہم کرنے پر زور

راولپنڈی(ویب ڈیسک) سینیٹ کے ڈپٹی چیئرمین سیدال خان نے کہا ہے کہ چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروبار پاکستان کی معیشت کی ریڑھ کی ہڈی ہیں، جبکہ نوجوانوں اور خواتین کو کاروباری مواقع، آسان مالی وسائل، جدید ٹیکنالوجی اور عالمی منڈیوں تک رسائی فراہم کرنا ملکی معاشی ترقی کے لیے ناگزیر ہے۔ انہوں نے اسلام آباد میں راولپنڈی چیمبر آف سمال ٹریڈرز اینڈ سمال انڈسٹریز کے زیر اہتمام انٹرنیشنل ایکسیلنس ایوارڈز 2026 کی تقریب سے بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں تقریباً 71 لاکھ 40 ہزار مائیکرو، چھوٹے اور درمیانے کاروبار فعال ہیں اور ایک چھوٹے کاروبار کی مضبوطی دراصل ایک خاندان، معاشرے اور ملک کے معاشی مستقبل کی مضبوطی ہے۔ انہوں نے کاروباری افراد کی محنت، جدت اور عزم کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاکستان کو ایسے نوجوانوں کی ضرورت ہے جو صرف ملازمت تلاش نہ کریں بلکہ دوسروں کے لیے بھی روزگار کے مواقع پیدا کریں، جس کے لیے انہیں تعلیم کے ساتھ ہنر، سرمایہ، ٹیکنالوجی، تربیت، رہنمائی اور مارکیٹ تک رسائی فراہم کرنا ضروری ہے۔ سیدال خان نے کو درپیش مالی مشکلات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ آسان اور کم لاگت مالی وسائل تک رسائی ایک اہم چیلنج ہے اور حکومت کی جانب سے مالی معاونت اور مالی شمولیت کے لیے کیے جانے والے اقدامات قابلِ تحسین ہیں۔ انہوں نے خواتین کی معاشی شمولیت کو بھی اہم قرار دیتے ہوئے کہا کہ خواتین کاروباری افراد کو مالی وسائل، تربیت، ڈیجیٹل پلیٹ فارمز اور ملکی و عالمی منڈیوں تک رسائی فراہم کی جانی چاہیے، کیونکہ خواتین کی معاشی شرکت کے بغیر پاکستان کی مکمل معاشی ترقی ممکن نہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی کو صرف ملکی منڈی تک محدود نہیں رہنا چاہیے بلکہ ای کامرس، ڈیجیٹل مارکیٹنگ، جدید ٹیکنالوجی اور عالمی معیار کی مصنوعات کے ذریعے بین الاقوامی مارکیٹوں تک رسائی حاصل کرنی چاہیے تاکہ ملک کے لیے زرمبادلہ، روزگار اور معاشی ترقی کے نئے مواقع پیدا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ پارلیمنٹ صرف قانون سازی کی ذمہ دار نہیں بلکہ ایسا پالیسی اور قانونی ماحول فراہم کرنا بھی اس کی ذمہ داری ہے جو کاروبار کے فروغ میں معاون ہو۔ سینیٹ کے ڈپٹی چیئرمین نے انٹرنیشنل ایکسیلنس ایوارڈز 2026 حاصل کرنے والے کامیاب کاروباری افراد اور اداروں کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ مضبوط ، فعال کاروباری طبقہ اور بااختیار نوجوان مضبوط پاکستان کی ضمانت ہیں۔