پاکستان ۲۱ اگست ۲۰۲۶

سینیٹ چیئرمین کا جامعات میں مؤثر قیادت، اچھی حکمرانی اور اسٹریٹجک منصوبہ بندی پر زور

اسلام آباد(ویب ڈیسک) سینیٹ کے چیئرمین سید یوسف رضا گیلانی نے پاکستان میں اعلیٰ تعلیم کو مزید مضبوط بنانے کے لیے مؤثر قیادت، شفاف حکمرانی، اسٹریٹجک منصوبہ بندی، تحقیق، جدت اور اختراع کے فروغ پر زور دیا ہے۔ انہوں نے ہائر ایجوکیشن کمیشن کی نیشنل اکیڈمی آف ہائر ایجوکیشن کے زیر اہتمام ’’اسٹریٹجک پلاننگ اور قیادت میں اعلیٰ معیار‘‘ کے عنوان سے منعقدہ تقریب سے بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جامعات تحقیق، علمی و فکری ترقی، تنقیدی سوچ اور قیادت کی تربیت کے مراکز ہیں اور نوجوان نسل کو تیزی سے بدلتی دنیا کے چیلنجز سے نمٹنے کے لیے تیار کرنے میں بنیادی کردار ادا کرتی ہیں۔ انہوں نے اور بالخصوص نیشنل اکیڈمی آف ہائر ایجوکیشن کی کاوشوں کو سراہا کہ آزاد کشمیر، گلگت بلتستان، خیبر پختونخوا اور راولپنڈی ریجن کی جامعات کے انتظامی سربراہان کو ایک پلیٹ فارم پر جمع کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ پروگرام بروقت اور انتہائی اہم ہے جو اعلیٰ تعلیم میں مؤثر قیادت، اچھی حکمرانی اور اسٹریٹجک منصوبہ بندی کی ضرورت کو اجاگر کرتا ہے۔ سینیٹ چیئرمین نے کہا کہ وائس چانسلرز اور پرو وائس چانسلرز صرف انتظامی افسران نہیں بلکہ اپنی جامعات کے قائدین ہیں اور ان کے موجودہ فیصلے آنے والے برسوں میں تعلیم، تحقیق، جدت اور قومی قیادت کے معیار پر گہرے اثرات مرتب کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ اسٹریٹجک منصوبہ بندی محض انتظامی معاملہ نہیں بلکہ اداروں کی ترقی اور کامیابی کے لیے بنیادی ضرورت ہے، جبکہ مضبوط جامعات کے لیے واضح وژن، شفاف حکمرانی، وسائل کا ذمہ دارانہ استعمال اور تحقیق و جدت کے لیے سازگار ماحول ضروری ہے۔ انہوں نے جامعات کے امور میں خواتین کی شرکت کو سراہتے ہوئے کہا کہ اعلیٰ تعلیم کے ذریعے خواتین کو بااختیار بنانا قومی ترقی کی بنیادی ضرورت ہے اور خواتین کی تعلیم و قیادت پر سرمایہ کاری دراصل خاندان، معاشرے، اداروں اور قومی معیشت کو مضبوط بنانے کے مترادف ہے۔ سید یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ پاکستان کی ترقی جامعات کی مضبوطی سے گہرا تعلق رکھتی ہے اور اعلیٰ تعلیمی اداروں کو تحقیق، جدت، کاروباری سرگرمیوں اور پالیسی سازی کے مضبوط مراکز میں تبدیل کیا جانا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ تعلیم قومی یکجہتی اور پائیدار ترقی کے اہم ستونوں میں سے ایک ہے اور ملک کے تمام علاقوں میں جامعات سماجی ہم آہنگی، جمہوری اقدار اور قومی ترقی کے فروغ میں اہم کردار ادا کرسکتی ہیں۔ انہوں نے تمام وائس چانسلرز اور پرو وائس چانسلرز پر زور دیا کہ اپنی جامعات میں اعلیٰ معیار، تعاون، شمولیت اور جدت کی ثقافت کو فروغ دیں اور ایسے تعلیمی ادارے قائم کریں جو صرف ذہنوں کی تربیت نہ کریں بلکہ کردار، قیادت اور ملک و قوم کی خدمت کا جذبہ بھی پروان چڑھائیں۔