پاکستان ۹ مئی ۲۰۲۶

سینیٹ قائمہ کمیٹی خزانہ کا اجلاس، بلوچستان کی بزنس کمیونٹی کے مسائل حل کرنے کی یقین دہانی

اسلام آباد/کوئٹہ: سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے خزانہ کا اہم اجلاس سینیٹر سلیم مانڈوی والا کی زیر صدارت منعقد ہوا جس میں بلوچستان کی بزنس کمیونٹی کو درپیش مسائل اور آئندہ بجٹ سے متعلق تجاویز پر تفصیلی غور کیا گیا۔ اجلاس میں سینیٹر فاروق حامد نائیک، سینیٹر محسن عزیز، سینیٹر شاہزیب درانی، سینیٹر فیصل واوڈا، سینیٹر عبدالقادر اور مختلف چیمبرز آف کامرس کے نمائندوں نے شرکت کی۔ صدر چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کوئٹہ حاجی محمد ایوب مریانی نے لینڈ روٹ ویلیو ایشن میں اضافے پر تشویش ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ ٹیکسوں میں اضافے سے قانونی تجارت متاثر اور اسمگلنگ کو فروغ مل رہا ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ لینڈ روٹ بزنس سے وابستہ تاجروں کو خصوصی رعایت دی جائے اور ایس آر او 1387/2025 فوری واپس لیا جائے۔ انہوں نے ایران کے ساتھ تجارتی گیٹس کو 24 گھنٹے کھلا رکھنے اور پیپر ورک کا عمل تیز کرنے کی بھی تجویز دی۔ کمیٹی اراکین نے بلوچستان کے تاجروں کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے اور صوبے میں معاشی استحکام کیلئے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔