کوئٹہ (ویب نیوز) موجودہ سکیورٹی صورتحال اور عدالتوں پر ممکنہ حملوں کے خدشات کے پیش نظر کوئٹہ بار ایسوسی ایشن نے تمام عدالتوں اور کچہری کے داخلی راستوں پر حفاظتی اقدامات مزید سخت کرنے کا اعلان کیا ہے۔ جاری اعلامیے کے مطابق ان اقدامات کا مقصد ججز، وکلا، عدالتی عملے، سائلین اور عدالتی ماحول کو ہر ممکن خطرے سے محفوظ بنانا ہے۔ وکلا کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ عدالتوں میں داخلے کے وقت سکیورٹی اہلکاروں سے مکمل تعاون کریں، گاڑیوں کی تلاشی، واک تھرو گیٹس اور میٹل ڈیٹیکٹرز سے گزرنے میں تعاون کریں اور ہر وقت اپنا بار کونسل شناختی کارڈ اپنے ہمراہ رکھیں۔ اعلامیے کے مطابق صرف اسی گاڑی کو کچہری میں داخلے کی اجازت ہوگی جس میں متعلقہ وکیل خود موجود ہوگا، جبکہ دیگر افراد کو گاڑی سمیت داخلے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ بار ایسوسی ایشن نے واضح کیا کہ یہ تمام اقدامات صرف عدالتوں کی سکیورٹی اور کسی بھی ناخوشگوار واقعے کی روک تھام کے لیے کیے جا رہے ہیں۔
