کوئٹہ (ویب نیوز) یومِ آزادی کے موقع پر سکیورٹی خدشات کے باعث کوئٹہ سمیت بلوچستان کے مختلف اضلاع میں موبائل انٹرنیٹ سروس معطل رہی، جس کے باعث شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ موبائل انٹرنیٹ کی بندش کے باعث شہریوں کو آن لائن کاروبار، تعلیمی سرگرمیوں، رابطوں اور دیگر ضروری امور کی انجام دہی میں مشکلات پیش آئیں، جبکہ متعدد صارفین نے شکایت کی کہ سروس معطل ہونے سے روزمرہ معمولات بھی متاثر ہوئے۔ ذرائع کے مطابق یومِ آزادی کے موقع پر ممکنہ سکیورٹی خدشات اور امن و امان کی صورتحال کے پیش نظر موبائل انٹرنیٹ سروس معطل کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ سکیورٹی کے مؤثر انتظامات ضروری ہیں، تاہم انٹرنیٹ سروس کی بندش سے قبل عوام کو بروقت آگاہ کیا جانا چاہیے تاکہ وہ اپنے ضروری معاملات کے لیے متبادل انتظام کرسکیں۔ عوامی حلقوں نے حکومت اور متعلقہ اداروں سے مطالبہ کیا ہے کہ سکیورٹی صورتحال بہتر ہوتے ہی موبائل انٹرنیٹ سروس بحال کی جائے تاکہ شہریوں کو مزید مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
