کوئٹہ (ویب نیوز) ــ بلوچستان میں سپیزند اور کولپور کے درمیان ریلوے ٹریک دھماکے کے نتیجے میں متاثر ہونے کے بعد ٹرینوں کی آمدورفت عارضی طور پر معطل کر دی گئی۔ ذرائع کے مطابق نامعلوم مسلح افراد نے دھماکا خیز مواد کے ذریعے ریلوے ٹریک کو نشانہ بنایا، جس کے نتیجے میں ٹریک کا ایک حصہ متاثر ہوا۔ واقعے کے بعد بلوچستان اور ملک کے دیگر حصوں کے درمیان ریلوے سروس متاثر ہوئی اور ٹرینوں کی آمدورفت روک دی گئی۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی سیکیورٹی حکام اور ریلوے کے اہلکار جائے وقوعہ پر پہنچ گئے اور متاثرہ ٹریک کی مرمت و بحالی کا کام شروع کر دیا۔ ریلوے حکام کے مطابق ٹریک کی مکمل بحالی تک ٹرینوں کی آمدورفت معمول کے مطابق بحال نہیں کی جا سکتی۔ واقعے کے بعد سیکیورٹی انتظامات بھی مزید سخت کر دیے گئے ہیں جبکہ دھماکے کی نوعیت اور اس میں ملوث عناصر کا تعین کرنے کے لیے تحقیقات جاری ہیں۔
