کوئٹہ (ویب نیوز)کوئٹہ میں پشتونخوا ملی عوامی پارٹی کے صوبائی سیکرٹریٹ کی جانب سے جاری بیان میں سپیرہ راغہ روڈ کے 13 سالہ پرانے منصوبے کو ایک بار پھر مبینہ طور پر ادھورا چھوڑنے اور کام بند کرنے کی سخت الفاظ میں مذمت کی گئی ہے۔ بیان میں الزام عائد کیا گیا ہے کہ ٹھیکیدار اور حکومتی عناصر کی ملی بھگت سے کیمپ کی مشینری جلانے کا ڈرامہ رچا کر منصوبے پر کام روک دیا گیا، جس کا مقصد ترقیاتی فنڈز کو دانستہ طور پر ضائع یا لیپس کرنا ہے۔ پارٹی کے مطابق صرف دو ماہ قبل تعمیر ہونے والا روڈ کا حصہ بھی دوبارہ خراب ہو چکا ہے، جبکہ متعلقہ حکام اس صورتحال پر خاموش ہیں۔ پشتونخوا ملی عوامی پارٹی نے واضح کیا ہے کہ علاقے میں کوئی بدامنی موجود نہیں، اس لیے خودساختہ صورتحال پیدا کر کے ترقیاتی منصوبوں کو روکنے کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔ پارٹی نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ سپیرہ راغہ روڈ کی فوری اور معیاری تکمیل یقینی بنائی جائے اور رکاوٹ ڈالنے والے عناصر کے خلاف تحقیقات کر کے سخت کارروائی کی جائے۔
