مقامی ۱۴ ستمبر ۲۰۲۶

سول ہسپتال اوستہ محمد سے مبینہ طور پر غائب نومولود بچی بازیاب، خاتون گرفتار

اوستہ محمد (ویب نیوز) تحصیل ہیڈکوارٹر سول ہسپتال اوستہ محمد سے مبینہ طور پر غائب ہونے والی نومولود بچی کو پولیس نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے بازیاب کرلیا جبکہ واقعے میں ملوث ہونے کے شبہ میں ایک خاتون کو حراست میں لے لیا گیا۔ واقعے پر نومولود بچی کے ورثا نے احتجاج کرتے ہوئے فوری بازیابی کا مطالبہ کیا تھا۔ عبدالکریم کھوسہ نے اہلخانہ کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ صبح تقریباً 11 بجے ان کی اہلیہ کے ہاں بچی کی پیدائش ہوئی، جس کے بعد لیڈی ڈاکٹر نے نومولود کو گیس میں رکھنے کا کہا، اسی دوران ساتھ موجود خاتون کو ادویات لانے کے لیے باہر بھیجا گیا، تاہم واپسی پر بچی وہاں موجود نہیں تھی۔ ان کے مطابق لیڈی ڈاکٹر سے دریافت کرنے پر بتایا گیا کہ بچی کسی دوسری خاتون کے حوالے کردی گئی ہے، تاہم کئی گھنٹے گزرنے کے باوجود بچی کا کوئی سراغ نہ ملنے پر اہلخانہ نے احتجاج کرتے ہوئے ہسپتال انتظامیہ سے وضاحت اور سی سی ٹی وی فوٹیج کی جانچ کا مطالبہ کیا۔ پولیس ذرائع کے مطابق اطلاع ملتے ہی کارروائی شروع کی گئی اور مبینہ طور پر غائب ہونے والی بچی کو بحفاظت بازیاب کرکے ورثا کے حوالے کردیا گیا جبکہ ایک خاتون کو گرفتار کرلیا گیا۔ پولیس کے مطابق واقعے کی مزید تحقیقات جاری ہیں اور تمام پہلوؤں سے تفتیش کی جارہی ہے۔