کوئٹہ/اوستہ محمد (ویب نیوز) بلوچستان کے صوبائی وزیرِ مالداری سردارزادہ فیصل خان جمالی نے کوئٹہ میں سول ویٹرنری ہسپتال میں جانوروں کی بیماریوں کی بروقت تشخیص اور مؤثر علاج کے لیے جدید طبی سہولیات کا افتتاح کیا۔ نئی سہولیات میں جدید تشخیصی لیبارٹری، جدید آپریشن تھیٹر اور الٹراساؤنڈ یونٹ شامل ہیں۔ افتتاحی تقریب میں محکمہ مالداری کے افسران، ویٹرنری ڈاکٹرز اور متعلقہ حکام نے شرکت کی۔ اس موقع پر بتایا گیا کہ جدید تشخیصی لیبارٹری کے ذریعے جانوروں کی مختلف بیماریوں کی بروقت اور درست تشخیص ممکن ہوگی، جبکہ الٹراساؤنڈ کی سہولت جانوروں کے اندرونی اور تولیدی مسائل کی مؤثر تشخیص میں مدد دے گی۔ جدید آپریشن تھیٹر کے قیام سے پیچیدہ اور جراحی نوعیت کے کیسز کا بہتر طبی ماحول میں علاج ممکن ہوگا۔ صوبائی وزیر سردارزادہ فیصل خان جمالی نے کہا کہ بلوچستان کی معیشت میں مالداری کے شعبے کو بنیادی اہمیت حاصل ہے اور ہزاروں خاندان براہِ راست یا بالواسطہ طور پر اس شعبے سے وابستہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جانوروں کی صحت مالدار خاندانوں کی معاشی خوشحالی سے براہِ راست منسلک ہے، اس لیے بیماریوں کی بروقت تشخیص، مؤثر علاج، ویکسینیشن اور نسل کی بہتری کے لیے جدید سہولیات کی فراہمی ناگزیر ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ بلوچستان حکومت مالداری کے شعبے کو جدید خطوط پر استوار کرنے کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہے تاکہ مالداروں کو ان کی دہلیز تک بہتر طبی سہولیات فراہم کی جاسکیں۔ اس سلسلے میں جدید تشخیصی مراکز کے ساتھ مصنوعی افزائشِ نسل، ویکسینیشن، موبائل ویٹرنری سروسز اور دور دراز علاقوں میں جانوروں کے علاج کی سہولیات پر بھی خصوصی توجہ دی جارہی ہے۔ سردارزادہ فیصل خان جمالی نے کہا کہ جدید ویٹرنری سہولیات کے ذریعے بیماریوں کی بروقت تشخیص اور علاج سے جانوروں کی شرحِ اموات میں کمی، صحت اور پیداواری صلاحیت میں بہتری اور نسل کی اصلاح کو فروغ ملے گا۔ انہوں نے عزم کا اظہار کیا کہ محکمہ مالداری کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرتے ہوئے صوبے کے مالداروں کو مزید سہولیات فراہم کی جائیں گی تاکہ مالداری کا شعبہ مزید مضبوط ہو اور صوبے کی معاشی ترقی میں مؤثر کردار ادا کرسکے۔
