مقامی ۹ ستمبر ۲۰۲۶

سورینج کان حادثے کی انکوائری کمیٹی ازسرِنو تشکیل دی جائے

کوئٹہ (ویب نیوز) نیشنل لیبر فیڈریشن بلوچستان نے سورینج کان حادثے کے بعد قائم کورٹ آف انکوائری کمیٹی کی تحقیقات پر شدید تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے حکومت بلوچستان اور محکمہ معدنیات سے مطالبہ کیا ہے کہ کمیٹی کو ازسرِنو تشکیل دے کر شفاف، آزادانہ اور غیر جانب دار تحقیقات کرائی جائیں۔ فیڈریشن کے مطابق تحقیقات کا رخ حادثے کے اصل ذمہ داروں کے تعین کے بجائے ایسے افراد کی جانب موڑا جا رہا ہے جن کا حادثے سے براہِ راست تعلق نہیں، جبکہ کان کے مالک، لیز ہولڈر، ٹھیکیدار اور دیگر متعلقہ ذمہ داروں کے کردار کو نظر انداز کیا جا رہا ہے۔ بیان میں کہا گیا کہ کسی غیر متعلقہ فرد کو قربانی کا بکرا بنانا جاں بحق کان کنوں اور ان کے خاندانوں کے ساتھ ناانصافی ہوگی۔ حکومت حفاظتی قوانین کی خلاف ورزی، ناقص انتظامات اور حادثے کے حقیقی اسباب کا تعین کرے۔ فیڈریشن نے مطالبہ کیا کہ انکوائری کمیٹی میں غیر جانب دار، باصلاحیت اور دیانت دار افراد کو شامل کیا جائے اور کان کے مالک، لیز ہولڈر، ٹھیکیدار، متعلقہ سرکاری حکام سمیت تمام ذمہ داروں کے کردار کا تفصیلی جائزہ لیا جائے۔ جو بھی شخص ذمہ دار ثابت ہو، اس کے خلاف قانون کے مطابق سخت کارروائی کی جائے، کیونکہ شفاف تحقیقات، اصل ذمہ داروں کا تعین اور قانونی کارروائی ہی شہید کان کنوں کے خاندانوں سے حقیقی انصاف اور مستقبل میں ایسے سانحات کی روک تھام کی مؤثر ضمانت ہے۔