مقامی ۲ اگست ۲۰۲۶

سورنج کوئلہ کان سانحہ کی اعلیٰ سطحی تحقیقات وزیراعلیٰ انسپکشن ٹیم کے سپرد

کوئٹہ حکومت بلوچستان نے سورنج کوئلہ کان کے المناک حادثے کی شفاف اور اعلیٰ سطحی تحقیقات کا فیصلہ کرتے ہوئے انکوائری کی ذمہ داری وزیراعلیٰ انسپکشن ٹیم کے سپرد کر دی ہے۔ وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے واقعے کا سخت نوٹس لیتے ہوئے سی ایم آئی ٹی کے سربراہ بشیر احمد بنگلزئی کی قیادت میں خصوصی تحقیقاتی ٹیم تشکیل دی ہے۔ یہ ٹیم 30 جولائی کو پیش آنے والے حادثے کے تمام پہلوؤں، حفاظتی اقدامات، کان کے آپریشنل طریقہ کار، متعلقہ اداروں کی نگرانی، مائنز انسپکشن ڈیپارٹمنٹ کی کارکردگی اور کان مالکان و ٹھیکیداروں کی ذمہ داریوں کا تفصیلی جائزہ لے گی۔ حکومت نے ہدایت کی ہے کہ اگر حفاظتی اصولوں کی خلاف ورزی یا کسی قسم کی غفلت ثابت ہوئی تو ذمہ داروں کے خلاف قانونی اور انتظامی کارروائی کی سفارش کی جائے۔ تحقیقاتی ٹیم کو جائے وقوعہ کا معائنہ کرنے، متاثرہ خاندانوں، زندہ بچ جانے والے مزدوروں، متعلقہ حکام اور کان انتظامیہ کے بیانات ریکارڈ کرنے کی بھی ہدایت دی گئی ہے، جبکہ اسے آئندہ دو ہفتوں میں اپنی جامع رپورٹ وزیراعلیٰ کو پیش کرنا ہوگی۔ رپورٹ میں مستقبل میں ایسے حادثات کی روک تھام کے لیے جدید حفاظتی آلات، گیس مانیٹرنگ نظام، ریسکیو سہولیات اور مزدوروں کی حفاظتی تربیت سے متعلق سفارشات بھی شامل ہوں گی۔