کوئٹہ (ویب نیوز)پاکستان سینٹرل مائنز لیبر فیڈریشن نے سورنج کی کوئلہ کان میں پیش آنے والے المناک حادثے میں 36 کان کنوں کی ہلاکت پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ واقعے کی غیر جانبدارانہ تحقیقات کرائی جائیں اور ذمہ دار افراد کو سخت قانونی سزا دی جائے۔ فیڈریشن کا ایک وفد مرکزی رہنما عبدالستار کی قیادت میں جائے وقوعہ پر پہنچا، جہاں اس نے زخمیوں اور زندہ بچ جانے والے کان کنوں سے ملاقات کر کے ان کے مسائل سنے۔ فیڈریشن کے رہنماؤں کا کہنا تھا کہ حفاظتی قوانین پر عمل درآمد نہ ہونا، جدید آلات اور مناسب وینٹیلیشن کی کمی کانوں میں مسلسل پیش آنے والے جان لیوا حادثات کی بنیادی وجوہات ہیں۔ انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ کانوں میں جدید حفاظتی سامان، گیس کی نشاندہی کے ڈیجیٹل آلات، آکسیجن سلنڈر اور روزانہ تکنیکی معائنے کا نظام نافذ کیا جائے، ٹھیکیداری نظام کا خاتمہ کیا جائے اور حفاظتی اصولوں کی خلاف ورزی کرنے والی کمپنیوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے۔
