کوئٹہ بلوچستان مرکزی تاجر اتحاد کے ترجمان کاشف حیدری نے کوئٹہ کے قریب سورنج کی کوئلہ کان میں پیش آنے والے ہولناک حادثے میں 34 کان کنوں کی ہلاکت پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ قیمتی انسانی جانوں کا ضیاع ایک بڑا سانحہ ہے۔ ہزارہ ٹاؤن میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کوئلہ کانوں میں بار بار پیش آنے والے حادثات اس بات کا ثبوت ہیں کہ مزدوروں کی حفاظت، نگرانی اور ہنگامی امدادی سہولیات پر مؤثر عملدرآمد نہیں ہو رہا۔ انہوں نے جاں بحق مزدوروں کی لاشوں کو ایمبولینس کے بجائے گاڑیوں کی چھتوں پر منتقل کیے جانے کو انسانی وقار کے منافی اور متعلقہ اداروں کی غفلت قرار دیا۔ کاشف حیدری نے حکومت اور کان مالکان سے مطالبہ کیا کہ متاثرہ خاندانوں کو فوری اور باعزت مالی امداد فراہم کی جائے، ان کے بچوں کے مستقبل کو محفوظ بنایا جائے، جبکہ کوئلہ کانوں میں حفاظتی قوانین، باقاعدہ معائنوں، ریسکیو سروسز اور طبی سہولیات پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنایا جائے تاکہ آئندہ ایسے المناک واقعات سے بچا جا سکے۔ انہوں نے واقعے کی شفاف اور غیر جانبدارانہ تحقیقات اور ذمہ دار افراد کے خلاف قانونی کارروائی کا بھی مطالبہ کیا۔
