مقامی ۱۴ ستمبر ۲۰۲۶

سوراب میں پی ایچ ای فنڈز کے باوجود پانی کا بحران، جے یو آئی کا شفاف آڈٹ کا مطالبہ

کوئٹہ (ویب نیوز)سوراب میں جمعیت علمائے اسلام تحصیل سوراب کے عہدیداران نے پبلک ہیلتھ انجینئرنگ کے منصوبوں اور پانی کی فراہمی کی صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ گزشتہ تین بجٹ میں پی ایچ ای کے لیے فنڈز مختص کیے جانے کے باوجود عوام آج بھی بنیادی سہولتِ آب سے محروم ہیں۔ جے یو آئی رہنماؤں نے متعلقہ محکمے کی کارکردگی پر سوال اٹھاتے ہوئے کہا کہ اگر فنڈز باقاعدگی سے جاری ہوئے ہیں تو ان کے ثمرات عوام تک کیوں نہیں پہنچ رہے، جبکہ شہری بنیادی مسائل کے حل کے لیے سرکاری دفاتر کے چکر لگانے پر مجبور ہیں۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ گزشتہ تین بجٹ کے دوران پی ایچ ای کو جاری فنڈز، مکمل کیے گئے منصوبوں اور اخراجات کا شفاف آڈٹ کرایا جائے، نامکمل اور غیر فعال منصوبوں کی وجوہات عوام کے سامنے لائی جائیں اور غفلت یا بے ضابطگی ثابت ہونے کی صورت میں ذمہ داروں کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے۔ جے یو آئی نے صوبائی حکومت، محکمہ پی ایچ ای اور ضلعی انتظامیہ سے پانی کی فراہمی کے منصوبوں کا فوری جائزہ لے کر عوامی شکایات کے ازالے کا مطالبہ بھی کیا۔