مقامی ۱۱ ستمبر ۲۰۲۶

سوراب میں فائرنگ، خاران کا نوجوان جاں بحق، دو افراد زخمی

خاران (ویب نیوز) سوراب کے علاقے میں نامعلوم مسلح افراد کی فائرنگ سے خاران سے تعلق رکھنے والا نوجوان زین عارف جاں بحق جبکہ حبیب عارف اور جنید دیدگ زخمی ہوگئے۔ تفصیلات کے مطابق زین عارف، حبیب عارف اور جنید دیدگ کراچی سے کوئٹہ جا رہے تھے کہ سوراب کے علاقے میں شاہراہ پر نامعلوم مسلح افراد نے ان کی گاڑی پر فائرنگ کردی، جس کے نتیجے میں زین عارف موقع پر جاں بحق جبکہ دونوں دیگر افراد زخمی ہوگئے۔ زخمیوں کو فوری طور پر قلات سول اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں ابتدائی طبی امداد کے بعد انہیں اور مقتول کی میت کو کوئٹہ منتقل کرنے کے لیے ریفر کردیا گیا۔ بعد ازاں زین عارف کی میت خاران منتقل کردی گئی جہاں انہیں سپرد خاک کردیا گیا۔ مقامی ذرائع کے مطابق مقتول زین عارف اور زخمی حبیب عارف خاران کے صحافی حاجی عارف کے صاحبزادے ہیں جبکہ دوسرے زخمی جنید دیدگ پروفیسر عبدالکریم دیدگ کے صاحبزادے ہیں۔ واقعے کے بعد خاران میں سوگ کی فضا پیدا ہوگئی۔ شہریوں نے واقعے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے ملزمان کی گرفتاری اور شاہراہوں پر مسافروں کے تحفظ کو یقینی بنانے کا مطالبہ کیا ہے۔ فائرنگ کے واقعے کے محرکات اور ملوث افراد کے بارے میں مزید تفصیلات تاحال سامنے نہیں آسکیں۔