اسلام آباد (ویب ڈیسک) وفاقی وزیر موسمیاتی تبدیلی سینیٹر مصدق ملک نے کہا ہے کہ اگر سندھ طاس معاہدہ برقرار نہ رہا تو دنیا کا کوئی معاہدہ باقی نہیں رہ سکتا، پاکستان اپنے پانی کا تحفظ ہر صورت یقینی بنائے گا۔ اسلام آباد میں آبی ذخائر کے تحفظ کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مصدق ملک نے کہا کہ اپنے پانی کا تحفظ پاکستان کی اولین ترجیح اور ریڈ لائن ہے۔ انہوں نے کہا کہ عالمی ثالثی عدالت نے سندھ طاس معاہدے سے متعلق فیصلہ دیا ہے، اگر عالمی ثالثی عدالت کے فیصلے کو تسلیم نہ کیا گیا تو معاملہ صرف پانی تک محدود نہیں رہے گا۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ اگر کوئی ملک عالمی ثالثی عدالت کے فیصلے کو ماننے سے انکار کرتا ہے تو دنیا میں جنگل کا قانون نافذ ہوجائے گا، اور اگر جنگل کا قانون ہی نافذ کرنا ہے تو پاکستان بھی اس کے لیے تیار ہے۔ مصدق ملک کا کہنا تھا کہ اگر سندھ طاس معاہدہ ختم ہوگیا تو دنیا کا کوئی معاہدہ باقی نہیں رہ سکتا۔ پاکستان ماضی میں بھی اپنے پانی کا تحفظ کرچکا ہے اور آئندہ بھی اپنے آبی حقوق کے تحفظ کے لیے ہر ممکن اقدام کرے گا۔
