اسلام آباد (ویب نیوز) وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے کہا ہے کہ ملک کا موجودہ انتظامی نظام آبادی کے دباؤ کے باعث اوور لوڈڈ ہوچکا ہے، اس لیے 160 بااختیار ضلعی حکومتیں یا 15 صوبے بنانے پر غور کیا جانا چاہیے۔ ان کا کہنا تھا کہ بدین سے گھوٹکی تک کی آبادی کراچی سے اور رحیم یار خان سے اٹک تک کا پنجاب لاہور سے مؤثر طور پر نہیں چلایا جاسکتا، اسی طرح ڈی آئی خان سے چترال تک خیبر پختونخوا کو پشاور سے چلانا مشکل ہے۔ احسن اقبال نے کہا کہ بلوچستان کو بھی پسنی سے ژوب اور قلعہ سیف اللہ سے کوئٹہ تک مؤثر انتظامی نظام کی ضرورت ہے، جبکہ عوام کو تعلیم، صحت، صفائی اور صاف پانی کی فراہمی سیاسی نعروں سے زیادہ اہم ہے۔
