کوئٹہ (ویب نیوزڈ) نیشنل پارٹی نے سریاب اور کیچی بیگ میں گزشتہ روز سکیورٹی فورسز کی جانب سے مبینہ چھاپوں، گرفتاریوں اور گھروں میں توڑ پھوڑ کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ سریاب میں مسلسل چادر اور چار دیواری کے تقدس کی پامالی اور شہریوں کو ہراساں کرنا کسی صورت قابل قبول نہیں۔ پارٹی کے مرکزی بیان میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ گزشتہ روز پارٹی رہنماؤں کے گھروں پر چھاپے مارے گئے، متعدد کارکنوں کو گرفتار کیا گیا، گھروں سے قیمتی سامان لے جایا گیا جبکہ گھریلو اشیاء کو بھی نقصان پہنچایا گیا۔ بیان میں کہا گیا کہ اس طرح گھروں میں داخل ہونا اور خواتین و بچوں کو ہراساں کرنا انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزی ہے۔ نیشنل پارٹی نے ان اقدامات کو غیر جمہوری، غیر قانونی اور منفی عمل قرار دیتے ہوئے شدید احتجاج کیا ہے۔ پارٹی کا کہنا ہے کہ حکومت امن و امان کے قیام میں ناکام رہی ہے اور اپنی ناکامی چھپانے کے لیے سریاب کے رہائشیوں کو بلاجواز ہراساں کر رہی ہے۔ نیشنل پارٹی نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ مبینہ غیر قانونی اقدامات کا سلسلہ فوری طور پر بند کیا جائے، گرفتار افراد کو رہا کیا جائے اور شہریوں کو بلاجواز ہراساں کرنے کا سلسلہ روکا جائے۔ پارٹی نے زور دیا کہ شہریوں کے بنیادی انسانی حقوق، چادر اور چار دیواری کا تقدس اور عوام کی عزت و وقار کو ہر صورت یقینی بنایا جائے۔
