کوئٹہ( ویب سائٹ ) جمعیت علما اسلام ضلع کوئٹہ کے امیر شیخ الحدیث مولانا عبدالرحمن رفیق، سیکرٹری جنرل حاجی عین اللہ شمس، سینئر نائب امیر مولانا خورشید احمد، حاجی بشیر احمد کاکڑ اور دیگر رہنماں نے اپنے ایک مشترکہ بیان میں کہا ہے کہ صوبائی دارالحکومت کے بیشتر سرکاری دفاتر شہریوں کے لیے اذیت اور ذلت کا سبب بن چکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ افسر شاہی کی جانب سے غیر ضروری تاخیر، روایتی ٹال مٹول اور پیچیدہ دفتری طریقہ کار کے باعث عوام اپنے جائز اور قانونی کاموں کے لیے دربدر کی ٹھوکریں کھانے پر مجبور ہیں۔رہنماں نے مزید کہا کہ لوکل سرٹیفکیٹ، شناختی و رہائشی دستاویزات اور دیگر بنیادی کاغذات کے حصول میں شہریوں کو شدید ذہنی اذیت کا سامنا ہے۔ مختلف حیلے بہانوں سے سائلین کو خوار کرنا اور رشوت کے لیے مجبور کرنا بعض اہلکاروں کا وطیرہ بن چکا ہے، جو کھلی عوام دشمنی ہے۔ جے یو آئی کے رہنماں نے اعلی حکام سے مطالبہ کیا کہ سرکاری اداروں میں شفافیت اور جوابدہی کو یقینی بنایا جائے اور دفاتر میں جاری بدعنوانی، نااہلی اور عوامی تذلیل کا فوری نوٹس لے کر غریب و سفید پوش طبقے کو اس عذاب سے نجات دلائی جائے۔
