کوئٹہ (ویب نیوز): وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کہا ہے کہ بلوچستان اور پاکستان ایک دوسرے کے لیے لازم و ملزوم ہیں، تاہم اگر وہ یہ کہیں کہ صوبے کے حالات مکمل طور پر ٹھیک ہیں تو یہ حقیقت کے برعکس ہوگا۔ ایک نجی ٹی وی پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ریاستی ادارے، ایف سی اور بلوچستان پولیس صوبے کے ہر حصے کی حفاظت کے لیے سرگرم ہیں اور گورننس میں بہتری آئی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ماضی کی مفاہمتی پالیسیوں سے دہشت گردی کو تقویت ملی، جبکہ دہشت گردوں کے ہینڈلرز بیرون ملک بیٹھے ہیں اور نوجوانوں کو ایک لاحاصل جنگ میں دھکیلا جا رہا ہے۔ وزیراعلیٰ نے دعویٰ کیا کہ گزشتہ ایک سال کے دوران ایک ہزار دہشت گرد ہلاک کیے گئے اور صوبے میں کرپشن میں بھی نمایاں کمی آئی ہے۔
