مقامی ۲۶ اگست ۲۰۲۶

سرانان بازار میں مزدوروں پر فائرنگ بزدلانہ عمل ہے، سردار علی رضا یوسفزئی

کوئٹہ (ویب نیوز) سماجی و قبائلی رہنما سردار علی رضا یوسفزئی نے سرانان بازار میں مزدوروں پر فائرنگ کے افسوسناک واقعے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ روزگار کے لیے گھروں سے نکلنے والے بے گناہ مزدوروں کو نشانہ بنانا انتہائی بزدلانہ اور انسانیت کے منافی عمل ہے۔ انہوں نے واقعے میں جاں بحق مزدوروں کے اہل خانہ سے دلی تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ اس غم کی گھڑی میں متاثرہ خاندانوں کے ساتھ کھڑے ہیں، جبکہ زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لیے دعا کی۔ سردار علی رضا یوسفزئی نے کہا کہ بلوچستان میں امن خراب کرنے اور بے گناہ شہریوں کو نشانہ بنانے والے عناصر کسی رعایت کے مستحق نہیں۔ انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ واقعے میں ملوث افراد کو جلد از جلد گرفتار کرکے قانون کے مطابق سخت سزا دی جائے اور متاثرہ خاندانوں کو ہر ممکن مالی معاونت فراہم کی جائے۔ انہوں نے زور دیا کہ زخمیوں کو بہترین طبی سہولیات فراہم کی جائیں اور مزدوروں سمیت تمام شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کے لیے مؤثر سکیورٹی اقدامات یقینی بنائے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ اس طرح کے بزدلانہ حملے بلوچستان کے عوام کے حوصلے پست نہیں کر سکتے، عوام دہشت گردی کے خلاف متحد ہیں اور امن دشمن عناصر کبھی اپنے مذموم مقاصد میں کامیاب نہیں ہوں گے۔